کھلے پٹرول کی فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن
168 ایل پی جی ری فلنگ شاپس سیل، 77 دکانوں کا سامان ضبط کر لیا گیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایات پر محکمہ سول ڈیفنس فیصل آباد نے مئی 2026ء کے دوران غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ اور کھلے پٹرول کی فروخت کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں۔محکمہ سول ڈیفنس کی انفورسمنٹ ٹیم نے غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 168 ایل پی جی ریفلنگ شاپس کو سربمہر کر دیا، جبکہ 77 دکان مالکان کا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔مزید برآں سیل شدہ دکانوں کی سیل توڑنے کے جرم میں دو مالکان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے ، جبکہ غیر قانونی ایل پی جی
ریفلنگ میں ملوث 13 مالکان کے خلاف چالان مرتب کرکے عدالت میں پیش کیے گئے ۔دریں اثنا کھلے پٹرول کی غیر قانونی فروخت کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سول ڈیفنس ٹیم نے 22 غیر قانونی پٹرول ڈبہ سٹیشنز ختم کر دئیے اور وہاں موجود لکڑی کے کاؤنٹرز، پیمانے اور دیگر سامان ضبط کر لیا، جبکہ 13 غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کو سربمہر کر دیا گیا۔