گرمی سے بچنے کیلئے شہریوں کا نہروں،سوئمنگ پولز کا رخ
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر میں شدید ترین گرمی کی لہر کے باعث شہریوں نے نہروں کا رخ کر لیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں نہر کنارے بڑی تعداد میں لوگ نہاتے اور ٹھنڈے پانی سے گرمی کی شدت کم کرتے دکھائی دئیے ۔نہروں اور سوئمنگ پولز پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے ۔ نوجوان نہر میں چھلانگیں لگاتے رہے جبکہ بچے پانی میں کھیلتے اور نہاتے رہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، بجلی کی بندش اور پانی کی قلت نے حالات مزید دشوار بنا دیے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نہر میں نہانے کے لیے محفوظ مقامات مختص کیے جائیں تاکہ ڈوبنے کے واقعات سے بچا جا سکے ۔دوسری جانب ماہرینِ صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ نہر کے پانی میں سیوریج اور کیمیائی مادوں کی آمیزش کے باعث جلدی امراض، پیٹ کی خرابی اور دیگر انفیکشنز لاحق ہو سکتے ہیں۔