اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کا ریسکیو 1122 اسٹیشن کا دورہ
میت منتقلی سروس مفت فراہم کرنے کا اعلان، شہریوں کیلئے ریلیف اقدام قرار
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگ زیب گورائیہ نے ریسکیو 1122 اسٹیشن جڑانوالہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیشن، ایمبولینسز، فائر ٹینڈرز اور واٹر ریسکیو آلات کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ریسکیو 1122 کی میت منتقلی ایمبولینس کو بھی چیک کیا اور ادارے کی عوامی خدمت کے اقدامات کو سراہا۔ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر جڑانوالہ محمد شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کی جانے والی میت منتقلی سروس شہریوں کے لیے مکمل طور پر مفت ہوگی اور اس کے عوض کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا تربیت یافتہ عملہ میت کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ منتقل کرے گا۔ اس سروس کا مقصد غم کی گھڑی میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور ان کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔