ڈپٹی کمشنر جھنگ کا شورکوٹ میں جلوس روٹس کا دورہ
سکیورٹی، صفائی اور لائٹنگ سمیت تمام انتظامات کو فول پروف بنانے کی ہدایت
شورکوٹ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شورکوٹ میں جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ صدف اکبر، ایس ایچ او تھانہ شورکوٹ حافظ محمد عبداللہ جپہ، سی او میونسپل کمیٹی توصیف الرحمان، جواد شاہ گیلانی، ممبران امن کمیٹی چوہدری عمران رضا ایڈووکیٹ، رائے ایاز اکبر، میڈیا نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سکیورٹی، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، نکاسی آب اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر تمام ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ مجالس اور جلوسوں کا انعقاد پرامن ماحول میں ممکن بنایا جا سکے۔