ٹھیکریوالہ میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر

ٹھیکریوالہ میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر

انتظامیہ اور پرائس کنٹرول ٹیمیں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) ٹھیکریوالا اور گردونواح میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ بدستور جاری ہے ، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول ٹیمیں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق دھاندرہ، سدھار، ائیرپورٹ چوک، نیو سبزی منڈی، سدھار بائی پاس، ٹھیکریوالا، پینسرہ اور گردونواح میں ایل پی جی سرکاری نرخ 241 روپے فی کلو کے بجائے 400 سے 450 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے ، جبکہ 12 کلوگرام گھریلو سلنڈر 4 ہزار سے 4 ہزار 500 روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی ضرورت مہنگے داموں فروخت ہونے سے متوسط اور غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں