شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کمپنی کا کارگو طیارہ سمندر میں لاپتہ، تلاش جاری

کراچی: (دنیا نیوز) شارجہ سے کراچی آنے والا پاکستان کارگو پرواز کا ٹو بوئنگ 737 طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں لاپتہ ہوگیا، جس کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق سمندر میں لاپتہ طیارے کی تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب پہنچ گیا، پاک فضائیہ کا ساب طیارہ بھی بولہاری سے روانہ ہو کر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔

پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ بھی تربت سے پرواز کر کے تلاش کی کارروائی میں شامل ہو چکا ہے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تجارتی جہاز لاہور کو بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لئے تعینات کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی نے نجی کمپنی کے طیارہ حادثے کی تصدیق کردی، ترجمان پی اے اے کے مطابق شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا۔

ترجمان پی اے اے نے بتایا کہ کارگو طیارے نے پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، کراچی اے سی سی نے طیارے کو فوری رہنمائی فراہم کی، طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور سمت بھی تبدیل کرلی۔

کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا، طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوگیا، واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فوری طور پر فعال کردیا گیا، لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کے لئے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

ترجمان پی اے اے کے مطابق مختلف ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، نجی کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں