مانگی ڈیم دہشت گرد حملہ: ایس پی زیارت معطل، انکوائری کمیٹی تشکیل
کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر مانگی ڈیم دہشت گرد حملے کے بعد ایس پی زیارت کو معطل کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے چیئرمین سی ایم آئی ٹی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سینئر ڈی آئی جی پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹی دہشت گرد حملے سے قبل، حملے کے دوران اور بعد کے تمام واقعات، سکیورٹی انتظامات اور ردعمل کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کمیٹی سکیورٹی اداروں کی تیاری، کمانڈ اینڈ کنٹرول، باہمی رابطہ کاری اور سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی، غفلت، کوتاہی، آپریشنل خامیوں یا ذمہ داری کے تعین کی صورت میں متعلقہ افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔
علاوہ ازیں معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق انکوائری کمیٹی مانگی ڈیم اور صوبے کی دیگر اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فوری، درمیانی اور طویل المدتی سیکیورٹی اقدامات تجویز کرے گی جب کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پالیسی، ادارہ جاتی اور آپریشنل اصلاحات بھی پیش کرے گی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی لکھا گیا کہ کمیٹی کو ریکارڈ طلب کرنے، متعلقہ افسران کو طلب کرنے، گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے، جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے مکمل اختیارات دیے گئے ہیں، کمیٹی 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ حکومت بلوچستان کو پیش کرے۔
مزید برآں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں غفلت یا نااہلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔