آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، برطانوی میری ٹائم ایجنسی
لندن: (دنیا نیوز) برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے بتایا کہ منگل کے روز آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے آئل ٹینکر کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشن ایجنسی کے مطابق حملے سے ٹینکر کو نقصان پہنچا تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تیل کے اخراج کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب قطر نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکر پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایران کو اس کا ذمہ دارقرار دیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ ٹینکر کو نشانہ بنانا بین الاقوامی بحری جہاز رانی، عالمی توانائی کی فراہمی اور علاقائی سلامتی کے خلاف جارحیت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی قانون، بالخصوص بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں آزادانہ اور محفوظ بحری آمدورفت سے متعلق قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔