نیتن یاہو کی ترکیہ کو ایف-35 طیاروں کی فروخت کی مخالفت
واشنگٹن: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ترکیہ کو امریکی ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیاروں کی ممکنہ فروخت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے مشرق وسطیٰ میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ ترکیہ کے عزائم جارحانہ ہیں، اگر اسے ایف-35 طیارے دیئے گئے تو اس سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہوگا اور اس کے نتائج مزید جارحیت کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔
نیتن یاہو کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ترکیہ کو ایف-35 طیاروں کی فروخت پر غور کر رہے ہیں۔
حالانکہ امریکہ نے 2019 میں روسی فضائی دفاعی نظام ایس-400 کی خریداری کے باعث ترکیہ کو ایف-35 پروگرام سے خارج کر دیا تھا۔
ترکیہ طویل عرصے سے ایف-35 پروگرام میں دوبارہ شمولیت اور امریکی پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتا آ رہا ہے کیونکہ ان پابندیوں نے دونوں ممالک کے تعلقات اور ترکیہ کے دفاعی منصوبوں کو متاثر کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کو امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات کی بدولت ترکیہ کو ایف-35 طیاروں کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
ذرائع کے مطابق ترکیہ ان جنگی طیاروں کی خریداری کے لیے پہلے ہی ادائیگی کر چکا ہے۔