واسا کی غفلت پر مدینہ ٹائون و دیگر علاقوں کے مکین سیوریج ملا پانی آنے سے پریشان
ہر ماہ باقاعدگی سے بل دیتے مگر زہریلا پانی فراہم کیا جا رہا ،شکایات کے باوجود مسئلہ برقرار :متاثرہ شہریوں کی دہائی ،بوسیدہ واٹرسپلائی لائنیں تبدیل کرنے کامطالبہ ، ایم ڈی واسا کامسائل سے اظہار ِ لاعلمی
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )واسا کی غفلت سے شہریوں کی زندگیاں دائوپر لگ گئیں، مدینہ ٹاؤن، ایکس بلاک، نعمت کالونی، آفیسر کالونی سمیت متعدد رہائشی علاقوں میں واٹرسپلائی لائنوں سے سیوریج ملا پانی آنے لگا، شہریوں کاکہناہے بدبودار اور تعفن زدہ پانی پینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یہ پانی تو جانوروں کے پینے کے بھی قابل نہیں ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ہر ماہ واسا کو پانی اور سیوریج کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، مگر انہیں زہریلا پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔کھانا پکانے ، بچوں کا دودھ بنانے اور روزمرہ استعمال کیلئے یہ پانی قابلِ استعمال نہیں رہا،واٹر پلانٹس کا مہنگا پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔ واساکی سنگین غفلت کی قیمت شہریوں کو اپنی صحت اور زندگیاں دائوپر لگا کر ادا کرنا پڑرہی ہے ۔متعدد شکایات کے باوجود مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے ۔ نہ لائنوں کی جانچ پٹرتال کی جا رہی ہے نہ پانی کے نمونے لیبارٹری بھجوائے جا رہے ہیں۔ بوسیدہ سپلائی لائنوں کو اسی طرح سے چھوڑ دیا گیا ہے ،صورتحال برقرار رہی تو خدشہ ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کسی بھی وقت آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی وبا پھوٹ سکتی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، بوسیدہ واٹرسپلائی لائنیں فوری تبدیل کی جائیں ۔معاملے پر موقف کیلئے ایم ڈی واسا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مسائل سے لاعلمی کا اظہارکیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments