پاور لومز، صنعتی یونٹس، کار خانوں میں مزدور مشینوں پر بغیر حفاظتی اقدامات کام کرنے پر مجبور

پاور لومز، صنعتی یونٹس، کار خانوں میں مزدور مشینوں پر بغیر حفاظتی اقدامات کام کرنے پر مجبور

ماضی میں کئی مزدور زندگی ، اعضاسے محروم ہوچکے ،محکمہ لیبر ،ضلعی انتظامیہ کوپھر بھی ہوش نہ آیا، تحفظ کیلئے قوانین پرعمل نہیں کیاجارہا،صنعتی شہر میں لاکھوں کاریگر روزی کیلئے جان خطرے میں ڈال رہے

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )صنعتی شہر کے ہزاروں چھوٹے بڑے کارخانوں، فیکٹریوں، پاور لومز اور دیگر صنعتی یونٹس میں لاکھوں مزدور خطرناک مشینوں پر بنیادی حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کرنے پر مجبور ، محکمہ لیبر اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔فیصل آباد کے صنعتی یونٹس جن میں لاکھوں مزدوروں کو ہیلمٹ، دستانے ، ماسک، سیفٹی شوز و دیگر ضروری حفاظتی سامان فراہم نہیں کیا جاتا۔ماضی کے صنعتی حادثات میں کئی مزدور زندگی ہار چکے جبکہ کئی مزدور مشینوں کی زد میں آکر ہاتھ پائوں سے محروم ہوکر زندگی بھر کیلئے معذور ہوچکے ہیں لیکن پھر بھی انتظامیہ کو ہوش نہیں آتا۔ مزدوروں کے تحفظ کیلئے قوانین موجود ہونے کے باوجود عملدرآمد نہیں کرایاجاتا۔

پنجاب آکوپیشنل اینڈ سیفٹی ایکٹ 2019 کے تحت مل مالک کی ذمہ داری ہے کہ مزدوروں کو محفوظ اور صحتمند ماحول فراہم کرے جبکہ فیکٹریز ایکٹ 1934 میں بھی مشینری اور کام کی جگہ پر حفاظتی انتظامات کے واضح تقاضے موجود ہیں حتیٰ کہ قانون خطرناک حالات میں انسپکٹر کو حفاظتی اقدامات کروانے اور سنگین خطرے پرکام رکوانے کا اختیار بھی دیتا ہے لیکن حفاظتی خامیاں دور نہیں کی جاتیں اور محکمہ لیبر کی انسپکشن صرف کاغذوں تک محدود نظر آتی ہے ، مزدوروں کے لیے مسئلہ صرف یہ نہیں کہ انہیں حفاظتی سامان نہیں ملتا بلکہ اکثر وہ شکایت بھی نہیں کر پاتے کیونکہ انہیں روزگار ختم ہونے کا خوف ہوتا ہے ۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لیبر کو حادثے کا انتظار کرنے کی بجائے پہلے ہی فیکٹریوں،کارخانوں اورصنعتی یونٹس کا معائنہ کرنا ہوگا، مشینری، بجلی نظام، فائر سیفٹی، ہنگامی راستوں اور مزدوروں کو فراہم کیے جانے والے حفاظتی سامان کی جانچ کرنا ہوگی اور جہاں قانون کی خلاف ورزی ہو وہاں سخت کارروائی کرنی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...