فیصل آباد بورڈ میں ملازمین کو پروموشن لیٹرز جاری، تقریب کا انعقاد
چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے ترقی پانیوالے ملازمین کو مبارکباد پیش کی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں ملازمین کو ترقی کے لیٹرز دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے ترقی پانے والے ملازمین میں پروموشن لیٹرز تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ ملازمین کی ترقی ان کی محنت، کارکردگی اور ادارے کے لیے خدمات کا اعتراف ہے ۔ انہوں نے ترقی پانے والے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض مزید محنت، لگن، ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیتے ہوئے ادارے کی بہتری، کارکردگی اور نیک نامی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی اور کامیابی میں ملازمین کی بہتر کارکردگی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
تقریب میں صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ثاقب علوی اور دیگر ملازمین نے بروقت پروموشن کے عمل اور ملازمین کی حوصلہ افزائی پر چیئرمین بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کو بروقت ترقی کے مواقع فراہم کرنے سے ان میں مزید محنت، لگن اور بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔ملازمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، دیانتداری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ انجام دیتے ہوئے بورڈ کی ترقی اور بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ترقی پانے والے ملازمین میں مقصود احمد، ممتاز حسین نون، مظہر حسین، کاشف اقبال، محمد عامر، نعیم شہزاد، حافظ وسیم الحق، سید ساجد حسین نقوی، محمد ارشد، فواد رضا، انوار الحق اور ثاقب علوی شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments