کمشنر انٹر ڈویژن بوائز باسکٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز
پنجاب کے تمام ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ، دلچسپ مقابلے ہو نگے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر انٹر ڈویژن بوائز باسکٹ بال چیمپئن شپ کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس فیصل آباد میں شروع ہوگئی، جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔کمشنر نے مختلف ڈویژنوں سے آنے والی ٹیموں کو فیصل آباد میں خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چیمپئن شپ کے دوران ٹیموں کے مابین صحت مند اور دلچسپ مقابلے ہوں گے اور کھلاڑی فیصل آباد سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے ۔ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے صحت مند معاشرے کی تشکیل ہوتی ہے اور نوجوان ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط رہتے ہیں۔ انہوں نے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سمیت چیمپئن شپ کے منتظمین کو کامیاب انعقاد پر شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد باسکٹ بال کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے ۔ اس سطح کے مقابلوں سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے اور یہی کھلاڑی مستقبل میں صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔کمشنر نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن سے اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور مستقبل میں اولمپکس سمیت عالمی مقابلوں میں گرین شرٹ پہن کر فیصل آباد اور پاکستان کا نام روشن کریں۔تقریب میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ، مختلف ٹیموں کے کوچز اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments