ٹوبہ:سبزی و فروٹ منڈی میں من مانی قیمتوں پر فروخت
مارکیٹ کمیٹی کے افسر نیلامی کے بعد منڈی پہنچتے ،فہرست پر مو جود پھل نہیں ملتے
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سبزی و فروٹ منڈی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ نیلامی کے وقت مارکیٹ کمیٹی کے افسران کی عدم موجودگی کے باعث آڑھتی مبینہ طور پر من مانی قیمتوں پر بولی لگاتے ہیں، جبکہ بعد ازاں جاری کی جانے والی پرائس لسٹ بھی عملی طور پر غیر مؤثر ثابت ہو رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کے افسر نیلامی کے بعد منڈی پہنچتے ہیں اور آڑھتیوں کی مشاورت سے پرائس لسٹ جاری کر دیتے ہیں، تاہم تشویشناک امر یہ ہے کہ اس فہرست میں درج نرخوں پر بھی سبزیاں اور پھل دستیاب نہیں ہوتے ۔ بازاروں میں صورتحال مزید خراب ہے ، جہاں ٹماٹر، پیاز، آلو سمیت روزمرہ استعمال کی سبزیاں اور پھل مبینہ طور پر سرکاری نرخوں سے دوگنا قیمتوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔
مہنگائی کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار شہریوں کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا دشوار ہو چکا ہے ۔ ایک طرف آمدنی میں اضافہ نہیں ہو رہا تو دوسری جانب اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔شہریوں کے مطابق منڈی میں پرائس کنٹرول کے لیے نہ تو کوئی مجسٹریٹ تعینات ہے اور نہ ہی عوامی شکایات کے اندراج کے لیے کوئی سیل قائم کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ صبح 6 سے 9 بجے تک نیلامی کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ بولی کا عمل شفاف ہو اور سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کرایا جا سکے ۔ اس طرح شہری نرخ نامے کے مطابق اشیا کی عدم دستیابی پر فوری شکایت بھی درج کرا سکیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments