زرعی یونیورسٹی کے 60 طلبہ کیلئے 61 لاکھ سے زائد کے وظائف
اللہ والے فاؤنڈیشن کی طرف سے منتخب طلبا کو ماہانہ 7 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائیگا
لاہور(سٹی رپورٹر)اللہ والے فاؤنڈیشن نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے 60 مستحق طلبہ کے لیے 61 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد کے تعلیمی وظائف منظور کر لیے ہیں۔ ہر منتخب طالب علم کو ماہانہ 7 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا۔سکالرشپ کے لیے طلبہ کے انٹرویوز 24 ستمبر 2026 کو لاہور میں رائیونڈ روڈ پر واقع فاؤنڈیشن کے میگا کچن میں منعقد ہوئے ۔ انتخابی عمل کے دوران امیدواروں کی تعلیمی کارکردگی، مالی حالات اور اہلیت کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد تمام 60 طلبہ کو وظائف کے لیے منتخب کر لیا گیا۔سکالرشپ سلیکشن کمیٹی میں ڈائریکٹر سکالرشپس پروگرام ڈاکٹر خالد منظور بٹ، فاؤنڈیشن کی فنانس سیکریٹری ڈاکٹر شازیہ لون، ماجد مصطفیٰ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے قاضی محمد علی شامل تھے ۔اللہ والے فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد لون نے کمیٹی کی جانب سے شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل ملک کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے ۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی مالی معاونت سے مستحق طلبہ کو مالی مشکلات کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments