چالان مہم ، شہریوں کے تحفظات ، بیریئرز سے ٹریفک متاثر
راستے روکنے ، ناکوں کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں ،ٹریفک نظم و ضبط کے بجائے چالانوں کو اہمیت دی جانے لگی، چالان کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے :حکام سے مطالبہ
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر میں ٹریفک کے نظام کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے قائم سٹی ٹریفک پولیس کے بعض اقدامات پر شہریوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں کا الزام ہے کہ اہم شاہراہوں، چوکوں، چوراہوں اور دیگر مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے بیریئرز لگا کر ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار آنے جانے والے شہریوں کو روک کر چالان کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس عمل سے ایک طرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے جبکہ دوسری جانب مبینہ طور پر بلاجواز چالان کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ اعلیٰ پولیس حکام کو متعدد بار شکایات کے باوجود صورتحال میں بہتری نہ آنے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی ٹریفک پولیس کا قیام ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر نظام کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ، تاہم شہریوں کا دعویٰ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ٹریفک نظم و ضبط کے بجائے مبینہ طور پر چالان اور ریونیو وصولی کو زیادہ اہمیت دی جانے لگی ہے ۔ذرائع کے مطابق سمندری روڈ، کینال روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، نڑوالا روڈ، جھنگ روڈ، سمن آباد روڈ، کالج روڈ، ملت روڈ اور شیخوپورہ روڈ سمیت شہر کی مختلف اہم شاہراہوں، چوکوں، چوراہوں اور دیگر مقامات پر بیریئرز اور دیگر رکاوٹیں قائم کرکے شہریوں کو روکنے اور گاڑیوں کے چالان کرنے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا، حادثات کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے ، اس لیے چالان کارروائیوں کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک چالان کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے ، مبینہ بلاجواز چالانوں کا سلسلہ روکا جائے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments