29لاکھ پاکستانیوں کا بیرون ملک جانالمحہ فکریہ :محبوب الزماں
ایٹمی طاقت کے حامل ملک کے عوام پینے کے صاف پانی، صحت کی سہولیات سے محروم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے گزشتہ تین برسوں کے دوران 29 لاکھ پاکستانیوں کے بیرون ملک منتقل ہونے کو ملک میں امن و معاشی ترقی کی دعوے دار حکومت کے لیے لمحئہ فکریہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول، گیس، کوئلے اور زراعت سمیت قدرتی وسائل سے مالا مال اور ایٹمی طاقت کے حامل ملک کے عوام پینے کے صاف پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور مٹھی بھر اشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے 16 ماہ کے دوران قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کی 44 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ، جبکہ ہر پاکستانی 3 لاکھ 2 ہزار روپے کا مقروض ہے ۔ آئی ایم ایف کے مطالبات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور ٹیکسوں کی بھرمار کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے ۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ چینی، آٹا، دالیں اور گوشت سمیت روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ غریب آدمی کے لیے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنا بھی مشکل ہو چکا ہے ، جبکہ دوسری جانب حکمرانوں اور بیوروکریسی کی مفت خوری اور شاہانہ طرزِ زندگی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عام آدمی کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے کرپشن کے خاتمے کے مؤثر اقدامات کرے ، سودی نظامِ معیشت اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments