سیالکوٹ 4:ہزار مقامات پر منی پٹرول پمپ ،گیس سنٹر قائم

 سیالکوٹ 4:ہزار مقامات پر منی پٹرول پمپ ،گیس سنٹر قائم

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گلیوں ،بازاروں اور گنجان آباد علاقوں میں 4 ہزار سے زائد مقامات پر غیر قانونی منی پٹرول پمپ قائم اور۔۔

ایل پی جی فروخت کا انکشاف ہوا ہے ،حساس اداروں کی پنجاب حکومت کو ارسال رپورٹ کے مطابق ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں سیالکوٹ، ڈسکہ، پسرور ،سمبڑیال اور ان کے 1526 دیہات میں سول ڈیفنس کی سرپرستی میں گلیوں ،بازاروں اور گنجان آباد علاقوں میں غیر قانونی طور پر منی پٹرول پمپ اور ایل پی جی سنٹر قائم ہوگئے ہیں۔ جہاں سے سول ڈیفنس کے اہلکار مبینہ طور پر منتھلی وصول کرتے ہیں جس کے باعث مذکورہ علاقوں کے رہائشی خوف میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ سول ڈیفنس حکام کی غفلت کے باعث مذکورہ منی پٹرول پمپ اور ایل پی جی دکانوں میں کسی بھی وقت آگ بھڑک سکتی ہے جس کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ شہریوں کا مالی نقصان بھی ہوسکتاہے ۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی منی پٹرول پمپ اور ایل پی جی دکانوں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ اس سلسلہ میں سول ڈیفنس حکام سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف ہمہ وقت کارروائی کررہے ہیں تاہم گھناؤنے دھند ے میں ملوث افراد دکانیں تبدیل کرکے دوبارہ کاروبار شروع کرلیتے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں