گرین بیلٹس پر ہوٹل مالکان ، دکانداروں کا قبضہ

گرین بیلٹس پر ہوٹل مالکان ، دکانداروں کا قبضہ

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)پی ایچ اے کی غفلت کے باعث کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کی گئی ماڈل ٹاؤن ،سیالکوٹ روڈ،پسرورروڈ اور جی ٹی روڈ پر گرین بیلٹس اجڑ کر رہ گئیں۔۔۔

بحالی کیلئے کوئی اقدام نہ اٹھایا جا سکا ،ہوٹلوں ،دکانداروں اور بیکریوں نے گرین بیلٹس پر قبضے کر لئے ، گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ماڈل ٹاؤن گرین بیلٹس کی آباد کاری کیلئے 41 لاکھ روپے اور ماڈل ٹاؤن پارک پر ایک کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کرکے وہاں خوبصورت پھولدار اور قیمتی پودوں کے ساتھ شہریوں کے بیٹھنے کیلئے بینچ اور بچوں کی تفریح کیلئے سلائیڈ بنائی تھی، اس منصوبہ سے ماڈل ٹاؤن کی خوبصورتی میں مزید نکھار پیدا ہو گیا تھا،اس کے علاوہ پی ایچ اے نے جی ٹی روڈ اور دیگر شاہرات پر شہر کی خوبصورتی کیلئے گرین بیلٹ پودے اور پھول لگائے تھے لیکن اب وہاں کی موجودہ صورتحال یہ ہے کہ گھاس کی جگہ میدان ہے اور پھولدار پودے نظر ہی نہیں آتے سلائیڈ کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ اس کے ارد گرد گڑھے بننے سے وہاں بارش کا پانی جمع رہتا ہے جبکہ سلائیڈ بھی ٹوٹ پھوٹ چکی ہے جہاں سلائیڈ لینے کے دوران بچوں کے کپڑے بھی پھٹ جاتے ہیں ،دو سال گزرنے کے باوجود پی ایچ اے کی جانب سے گرین بیلٹ اجاڑنے والوں کیخلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی اور نہ ہی پارک کی حالت بہتر کی گئی ہے صرف عارضی طور پر کارروائی کرکے خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لیکر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرکے گرین بیلٹ بحال کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں