گجرات :محکموں کو پولیو آگاہی مہم مؤثر بنانیکی ہدایت
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر عثمان، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان، اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انسداد پولیو مہم 16 سے 20 دسمبر تک جاری رہے گی، جس میں ضلع بھر کے پانچ سال سے کم عمر کے 514,982 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ 463,484 بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کی کامیاب تکمیل کے لیے 5,169 اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں موبائل، فکسڈ، اور ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں ضلع کے دور دراز علاقوں میں بھی پہنچ کر ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تعاون کو فروغ دیں اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ والدین کو انسداد پولیو کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ محکمہ صحت و متعلقہ افسران نے مہم کی کامیابی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور عملے پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھائیں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔