حافظ آباد میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں عروج پر ، متاثرین تھانوں میں رُل گئے

حافظ آباد(نامہ نگار )شہربھر میں موٹر سائیکل چرائے جانے کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئیں۔چند مہینوں کے دوران بیسیوں موٹر سائیکلیں چرائے جانے کے باوجود پولیس نہ تو ملزمان کا سراغ لگاسکی اور نہ ہی موٹرسائیکلوں کی ریکوری کی جاسکی۔
متاثرین تھانے کے چکر لگالگا کر رُل گئے ۔حافظ آباد شہر میں کوئی دن ایسا نہیں جارہا جب یہاں سے موٹر سائیکل نہ چرایا جاتا ہو بلکہ ایک ایک دن میں چارچارپانچ موٹر سائیکل بھی چرائے جانے کے واقعات سامنے آرہے ہیں نہ تو موٹر سائیکل چرائے جانے والے ملزمان کا ابھی تک سراغ لگایا جاسکا ہے اور نہ موٹر سائیکلوں کی برآمدگی ہوسکی ہے ۔متاثرین نے آئی جی پولیس پنجاب اور آر پی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چرائی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کرواکے انکو واپس دلوائی جائیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں جبکہ پولیس گشت کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔