ڈی سی کا ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ ،کھاریاں ہسپتال کا دورہ
گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ ٹراما سینٹر لالہ موسیٰ کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ٹراما سینٹر میں موجود عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، آپریشن تھیٹر، اور دیگر شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بات چیت کی تاکہ ان کے مسائل اور ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے ۔ انہوں نے ٹراما سینٹر میں ادویات کی دستیابی اور مریضوں کے علاج معالجے کے لیے سہولیات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن ساتھ ہی صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی ظاہر کی۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ ہسپتال کے معیار کو بہتر بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کھاریاں کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میل سرجیکل وارڈ، گائنی وارڈ، اور ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی موجودگی، صفائی ستھرائی، اور طبی آلات کے معیار کو چیک کیا۔