لائیوسٹاک ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت:مویشی موت کے منہ میں جانے لگے

لائیوسٹاک ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت:مویشی موت کے منہ میں جانے لگے

سیالکوٹ (عمر فاروق )لائیو سٹاک ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت، بڑی تعداد میں پالتو جانور موت کے منہ میں جانے لگے ۔

 تفصیلات کے مطابق ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں سیالکوٹ، پسرور، ڈسکہ اور سمبڑیال میں شہریوں کے پاس 12 لاکھ سے زائد گائے ، بیل، بھینس ،دبنے ،بکرے ، بکریاں اور بچھڑے موجود ہیں جن کی شہری پرورش کرکے ان کا دودھ اور جانور فروخت کرکے اپنا گزر بسر کرتے ہیں تاہم کئی ماہ سے ضلع سیالکوٹ میں منہ کھر ،گلٹیو اور پیٹ کی بیماریوں سے جانور شدید متاثر ہورہے ہیں اور لاتعداد جانور سیالکو ٹ کے 36 سی وی ایچ سینٹرز ،ہسپتالوں اور ڈسپنریوں میں لائے جارہے ہیں جہاں پر ادویات کی شدید قلت کے باعث لاتعداد جانور وں کے مالکان کی طرف سے ادویات کی خریداری کی رقم نہ ہونے کے باعث موت کے منہ میں جارہے ہیں تاہم جانوروں کی مذکورہ بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث جانور پالنے والوں کو ناقابل تلافی مالی نقصان ہورہاہے ۔مویشی پال حضرات نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال عملہ کی جانب سے معمولی بیماریوں کی ادویات بھی بازار سے لانے کا کہا جاتا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک وسیم عباس کا کہنا ہے کہ ادویات کی خریداری کے لئے صوبائی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں،جلد ادویات سیالکوٹ پہنچنے پر متاثر جانوروں کو فراہم کی جائیں گی تاہم منہ کھر کی بیماری میں مبتلا جانوروں کو محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیمیں اور ویکسی نیٹر ویکسین فراہم کررہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں