سیالکوٹ : تاریخی قلعہ پر کوڑے کے ڈھیر تاریکی میں ڈوب گیا شہری سیروتفریح سے محروم
ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عملہ ،ٹی ایم اے کی کی غفلت سے صفائی اور روشنی کا کوئی انتظام نہیں ،ہرطرف گندگی پھیلی ہوئی ، بدحالی کا شکار ہو رہا ،حکام قلعہ پر توجہ دیں :شہریوں کامطالبہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )شہر اقبال کے تاریخی قلعہ پرکوڑے کرکٹ کے ڈھیر جمع، گندگی سے تباہ ہونے لگا،ٹی ایم اے کی غفلت سے تاریکی میں ڈوبے قلعہ پر سیرو تفریح کیلئے آئے بچے ، بچیوں ، خواتین اوردیگرشہریوں کو مایوسی کاسامناکرناپڑتاہے ۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت تحصیل منیجر خضر جہانگیر اور دیگرعملہ کی غفلت و نااہلی اور مس مینجمنٹ کے باعث صنعتی شہر سیالکوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم کے باوجود تاریخی قلعہ میں صفائی کا کوئی انتظام نہیں ہے ،ہرطرف ے گندگی پھیلی ہوئی ہے اور بدحالی کا شکار ہو رہا ہے ۔
یہاں سیر وتفریح کیلئے آنے والے شہریوں کوکوڑے کے ڈھیروں سے مایوسی کاسامناکرناپڑتاہے ۔ فواد علی ودیگرسماجی شخصیات کے مطابق تاریخی قلعہ سیالکوٹ پر صفائی کا کوئی انتظام نہیں ،عملہ صفائی نہ ہونے سے قومی تاریخی اہمیت کا ادارہ، گورنمنٹ سکول، تھانہ کوتوالی، تفریحی پارک اور دینی درسگاہیں اہم مقامات ہونے کے باوجود نظر انداز ہو رہی ہیں۔ حبیب ناصر، علیم اﷲ، فراز علی ودیگرشہریوں نے متعلقہ حکام سے سیالکوٹ قلعہ پرفوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔