سیالکوٹ میں مسیحی برادری کی جانب سے پرئیر فیسٹیول

سیالکوٹ میں مسیحی برادری کی جانب سے پرئیر فیسٹیول

وزیر دفاع خواجہ آصف، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم کی خصوصی شرکت

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ میں مسیحی کمیونٹی کی جانب سے ایک روزہ پرئیر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ معروف مذہبی رہنما پاسٹر انور فضل کی قیادت میں شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب، عقائد اور برادریوں کا مشترکہ وطن ہے ، ہماری قومی یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے ، مسیحی برادری نے ہمیشہ وطنِ عزیز کی ترقی، خدمتِ انسانیت اور دفاعِ پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان ملک میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے وقار اور استحکام کی علامت ہے ۔ ہم سب ایک قوم ہیں اور اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پاسٹر انور فضل نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے ، ہم سب پاکستانی ہیں اور ہماری وفاداریاں صرف اور صرف اپنے وطن کے ساتھ ہیں۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے اور اگر کوئی دشمن اس ملک کے خلاف سازش کرے تو مسیحی برادری افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں