پنڈی بھٹیاں :جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس جمنزیم فعال
مقامی کھلاڑیوں کیلئے بیڈ منٹن ‘والی بال‘جم کی سہولیات دستیاب:مشعل فاطمہ
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا،نامہ نگار)تحصیل سپورٹس آفیسر پنڈی بھٹیاں مشعل فاطمہ کی کاوشوں سے مقامی کھلاڑیوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ نیا سپورٹس جمنزیم کھول دیا گیا۔ مردوں خواتین اور بچوں کے لیے بیڈ منٹن ، والی بال اور جسمانی فٹنس/ ایکسر سائز کے لیے جم کی الگ الگ سہولیات دستیاب ہیں۔محکمہ سپورٹس حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا پنڈی بھٹیاں کا یہ پہلا سپورٹس جمنزیم ہے ۔ مشعل فاطمہ نے بتایا کہ صوبہ بھر کی طرح پنڈی بھٹیاں میں بھی وزیراعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی جانب سے جدید اور منفر د سہولیات سے آراستہ سپورٹس جمنزیم میں سہولیات کی دستیابی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ سپورٹس جمنزیم کو مقامی کھلاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے جہاں ان ڈور گیمز کے لیے جدید سہولیات اورمعیاری ایکسر سائز مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں تو وہی بچوں اور بالخصوص خواتین کے لیے ان ڈور گیم کے ساتھ ساتھ جسمانی فٹنس کے لیے جدید اور معیاری ایکسر سائز مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں ۔محکمہ سپورٹس کی ہدایات پر جمنزیم کے لیے باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ان ڈور گیمز اور جسمانی فٹنس کے لیے مقامی کھلاڑ ی ٹی ایس او آفس آ کر اپنی رجسٹریشن کرو اسکتے ہیں۔