حکمران اپنی تشہیر کیلئے قومی خزانہ لٹا رہے ہیں :عمر ڈار
باشعور عوام حقیقی آزادی و ملکی خود مختار ی کی جدوجہد کو کامیاب بنائیں گے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ حکمران عوام کا پیسہ شعبدہ بازیوں پر خرچ کررہے ہیں حکومت عوامی فلاح وبہبود کے بجائے اپنی تشہیر کیلئے قومی خزانے کو باپ داد ا کی جاگیر سمجھ کر بے دریغ خرچ کررہی ہے جس کی جنتی مذمت کی جائے کم ہے ، ملک بھر میں کرپشن و لوٹ مار کا بازار گرم ہے جس سے عوام میں پائی جانے والی تشویش لمحہ فکریہ ہے ،غیور عوام موجودہ جعلی حکومت سے نجات چاہتے ہیں ،پی ٹی آئی کی جاری جدوجہد میں ہر طبقہ سے وابستہ افراد بھرپور شرکت کرکے حکمرانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کررہے ہیں۔
یونین کونسل محمد پورہ کے ورکرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام آگاہ ہیں کہ بانی پی ٹی آئی بے قصور ہیں جنہیں پابند سلاسل کرکے اپنی مرضی و منشا پر چلانے کیلئے مجبور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن پاکستان اور عوام کو حقیقی آزادی دلانے کی جدوجہد میں نہیں جھکیں گے ،عوام کسی صورت غلامی قبول نہیں کرے گی،باشعور عوام حقیقی آزادی و ملکی خود مختار ی کی جاری جدوجہد کو کامیاب بنائیں گے اور پی ٹی آئی کی قیادت کے ہاتھ مضبوط کرکے تبدیلی کے ایجنڈہ کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔