ڈپٹی کمشنر کا علامہ اقبال کی رہائشگاہ،ملحقہ بازار میں کا م کا جائزہ
اسلام آباد چوک تا اڈا شہباز خان سیوریج لائن 20 اپریل تک مکمل کر نے کی ہدایت
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی رہائش گاہ اور ملحقہ بازاروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسر وں کو ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسلام آباد چوک تا چوک اڈا شہباز خان سیوریج لائن کا کام ہر صورت 20 اپریل تک مکمل کیا جائے اور عوامی مشکلات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے بیوٹیفکیشن آف اقبال منزل و الائیڈ بازار کے منصوبے میں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ سیوریج لائن 20 اپریل تک مکمل کی جائے جبکہ میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ ادارے 30 جون تک نیون سائنز، عمارتوں کے فساڈ، تاروں کی ڈاکٹنگ، سٹریٹ لائٹس، رنگ و روغن، چراغاں اور ٹائلز و گوبلز کی تنصیب مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کام دن رات جاری رکھے جائیں، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو اور ورکرز سیفٹی گیئر کا استعمال لازمی کریں۔