اوپن ڈور پالیسی:ڈپٹی کمشنر کی عوامی مسائل کی سماعت
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر عوامی مسائل کی سماعت کی۔
اس سلسلے میں تمام سرکاری دفاتر میں صبح 10 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک پبلک ڈیلنگ کے مقررہ اوقات پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں آنے والے سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری کارروائی اور داد رسی کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف صوبائی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ سائلین کو بلاوجہ دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں اور قانون کے مطابق ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔نوید احمد نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔