جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی:جاوید قصوری
70فیصد امیدوار فائنل ، عوام جماعت اسلامی کو امید سمجھتے ہیں :اجلاس سے خطاب
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی،ضلع گوجرانوالہ میں تمام یونین کونسلز میں اپنے امیدوار وں کو میدان میں اتارے گی،ضلع میں 70فیصد امیدوار فائنل کر لئے ، عوام جماعت اسلامی کو امید کی کرن سمجھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ کے جائزہ اجلاس برائے بلدیاتی انتخابات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈاکٹر بابر رشید جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سنٹرل پنجاب ،ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نائب امیر پنجاب ، مظہر اقبال رندھاوا امیر ضلع، سید علی رضا حسنی جنرل سیکرٹری ضلع، ڈاکٹر شریف گجر نائب امیر ضلع، شاہد منیر گوندل صدر سیاسی کمیٹی، بشارت علی صدیقی سیکرٹری سیاسی کمیٹی، برادر انعام گجر صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع گوجرانوالہ کے علاوہ زونل امرا زونل سیاسی کمیٹی کے صدور بھی موجود تھے ۔ جاوید قصوری نے تمام زونز سے رپورٹ لی اور سیاسی کمیٹی کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے رہنمائی کی اور اہداف د ئیے ، جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گوجرانوالہ میں پبلک ایڈ کمیٹی کا بھی قیام کیا ہے یہ کمیٹی لوگوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔