بارشیں‘ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹیمیں تشکیل
کمشنر کی زیر صدارت نکاسی آب کیلئے جائزہ اجلاس ، ایم ڈی واسا نے بریفنگ دی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژ ن محمد علی نے مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی جس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا احد ڈوگر نے شہر بھر میں مین ہولز کی صفائی، ڈیسلٹنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد فرقان،اے سی جی محمد عامرو دیگر افسر شریک تھے اجلاس کے دوران کمشنر محمد علی نے واسا کی جانب سے جاری آپریشن، حساس مقامات پر کیے جانے والے انتظامات اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مین ہولز کی صفائی، سیوریج لائنوں کی ڈیسلٹنگ اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ایم ڈی واسا احد ڈوگر نے کمشنر کو یقین دلایا کہ شہر بھر میں مین ہولز کی صفائی اور سیوریج نظام کی بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور مون سون کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔