احمد نگر :روٹی ، نان کی قیمت میں اضافہ، انتظامیہ تماشائی
انتظامیہ کے دعوے عملی طور پر بے اثر دکھائی دینے لگے ،شہری پر یشان
احمد نگر چٹھہ(نمائندہ دنیا )تنور مالکان کی من مانیاں عروج پر ، روٹی اور نان کی قیمت میں اضافہ، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔ شہر اور گردونواح میں تنور مالکان کی من مانیاں جاری ہیں، انتظامیہ کی جانب سے سرکاری نرخوں پر روٹی اور نان کی فروخت یقینی بنانے کے دعوے عملی طور پر بے اثر دکھائی دینے لگے ۔ شہریوں کے مطابق متعدد تنوروں پر مقررہ نرخ اور وزن کے برعکس روٹی اور نان فروخت کیے جا رہے ہیں جبکہ غیر معیاری آٹے کے استعمال کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے ، روٹی بعض تنوروں پر 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے تاہم قیمت میں اضافے کے باوجود روٹی کا وزن مقررہ معیار کے مطابق نہیں دیا جا رہا۔ اسی طرح نان کی قیمت بھی مبینہ طور پر 35 روپے سے بڑھا کر 50 روپے تک پہنچا دی گئی ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے تمام تنوروں کی چیکنگ کی جائے ، روٹی اور نان کا وزن موقع پر چیک کیا جائے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے تنور مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments