درآمدی ایندھن سے نجات، توانائی کے تحفظ پر سیمینار
سولر او ر ونڈ سے بجلی پیدا ،بیٹریوں میں محفوظ کرکے استعمال کی جائے :مقررین
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)انڈس کنسورشیم و گروگرین نیٹ ورک پاکستان کے تعاون سے الرحمت ویلفیئر سوسائٹی کے زیر انتظام پبلک فورم بعنوان درآمدی ایندھن سے نجات توانائی کا تحفظ اور صاف ستھری نقل و حرکت کو یقینی بنانا گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اقبال ہال میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر چیمبر آف کامرس غلام حسین جج،ایگزیکٹو ممبر ایف پی سی سی آئی نسیم شاہد مغل و دیگر مقررین نے کہا کہ بجلی اور ٹرانسپورٹ دونوں کا انحصار بڑی حد تک درآمد شدہ ایندھن پر ہے ، دنیا میں جنگ، سیاسی کشیدگی یا ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو تو اثر براہ راست عوام پر پڑتا ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ درآمدی گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کو مرحلہ وار ختم کرکے سولر اور ونڈ توانائی، بیٹری سٹوریج اور بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے میں سرمایہ کاری کی جائے ،شمسی توانائی کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے ہمیں اس توانائی کو بیٹریوں میں محفوظ کرکے استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ پٹرول اورڈیزل کی کھپت کم کرنے کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کو استعمال حل ہے جومہنگی ہیں اس کیلئے سٹیٹ بینک کو ایسی پا لیسی دینی چاہیے جس سے عام آ دمی کو آسان شرائط پر قرض ملے اور وہ گاڑی ، رکشہ ،موٹر سائیکل خرید سکیں ۔اس طرح ہم صرف گاڑی کو پٹر ول سے بجلی پر منتقل نہیں کریں گے بلکہ سولر اور ونڈ سے پیدا ہونے والی صاف بجلی کو استعمال کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی درآمدی ایندھن پر انحصار کم کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments