ماں بیٹی کا قتل ، مجرموں کو سزائے موت، 53 سال قید کا حکم
بازو سے محروم کر نے پر خاتون کو 2کروڑ 34لاکھ روپے بھی ادا کر نا ہونگے
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )جائیداد کے تنازع پر گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کو تیز دھار آلے سے قتل جبکہ ایک خاتون کو شدید زخمی کرنے کا مقدمہ ۔ ایڈیشنل سیشن جج طارق بشیر نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرمان اظہر سجاد اور بلال احمد کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔ عدالت نے دونوں مجرموں کو 53،53 سال قید کی سزا بھی سنائی ۔فاضل جج نے مدعی مقدمہ محمد عمران کی بیوی ثوبیہ کو خنجروں کے وار کر کے شدید زخمی کرنے پر دونوں مجرموں کو متاثرہ خاتون کو 2 کروڑ 34 لاکھ سے زائد رقم بطور آرش اور دامان ادا کرنے کا حکم سنایا ،دونوں مجرموں کو مقتولین کے ورثا کو بھی مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے جبکہ 2لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ایف آئی ار کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ جنڈیالہ باغوالہ میں 5 دسمبر 2024 کو جائیداد بارے سول عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی رنجش پر اظہر سجاد اور بلال احمد مدعی مقدمہ عمران کے گھر داخل ہوئے ، تیز دھار آلے کے وار کرکے عمران کی والدہ صغراں بی بی اور ہمشیرہ زوبیہ کو قتل جبکہ عمران کی اہلیہ کو شدید زخمی کر دیا تھا، مجرموں کے وار سے ثوبیہ کا ایک بازو الگ ہو گیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments