لیڈی ٹیچرز، طالبا ت کیلئے پنک بس سروس چلانے کا فیصلہ

لیڈی ٹیچرز، طالبا ت کیلئے پنک بس سروس چلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (ماہتاب بشیر) وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں میں دور دراز، دیہی علاقوں سے آنے والی اساتذہ کی سفری سہولت کیلئے وزارت تعلیم کی جانب سے 20بسوں پر مشتمل ’’پنک بس سروس‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان بسوں کے ذریعے سرکاری تعلیمی اداروں کی خواتین اساتذہ سمیت نجی اداروں میں کام کرنے والی خواتین اور تعلیمی اداروں کی بچیاں و سٹاف بھی مفت سفر کر سکے گا۔ ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز رواں برس جون کے وسط سے ہو گا۔ وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں کو دی گئی بسوں میں سے 20بسیں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی مدد سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان بیس بسوں کو پنک رنگ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے دنیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے بتایا معلوم ہوا ہے کہ دیہی علاقوں کی لڑکیوں اور خواتین اساتذہ کو مہنگائی کی وجہ سے سفری اخراجات کے شدید مالی دباؤ  کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں لڑکیاں شہروں میں سکول چھوڑ رہی ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ہم نے 20بسوں کو دوبارہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سروس کو سرکاری اور نجی سکولز کی لڑکیاں اور اساتذہ مفت استعمال کریں گی، یہ ٹرانسپورٹ سر وس خواتین کیلئے مختص ہو گی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں