پاکستان میں 54فیصد سگریٹ غیر قانونی طور پر فروخت ہونیکا انکشاف

اسلام آباد(دنیارپورٹ )پاکستان کی سگریٹ مارکیٹ میں 54فیصد سگریٹ غیر قانونی طور پر فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ413 سگریٹ برانڈز میں سے صرف 19برانڈز پر ٹریک اینڈ ٹریس ٹیکس سٹیمپ موجود پا ئی گئی ۔
اس بات کا انکشاف گزشتہ روز انسٹیٹیوٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ کی سگریٹ انڈسٹری میں ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کیا گیا ۔ سروے میں کل 413 سگریٹ برانڈز کی نشاند ہی کی گئی جنکا ایف بی آر کے سسٹم میں اندراج تک موجود نہیں ہے ۔ رپورٹ کی لانچنگ کے موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر IPOR طارق جنید نے کہا کہ ملک کے 19 اضلاع کے 1,520 ریٹیل آؤٹ لیٹس کا سروے کیا گیا اس دوران 413 سے زائد سگریٹ برانڈز کی شناخت کی گئی،سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ ان 413 سگریٹ برانڈز میں سے صرف 19 برانڈز مکمل طور پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (TTS) کی تعمیل کر رہے تھے ، فروخت ہونے والے 286 سگریٹ برانڈز پر ٹیکس سٹیمپ موجود تھی اور نہ ہی حکومت پاکستان کی منظور کردہ تصویری ہیلتھ وارننگ شا ئع کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سمگل شدہ سگریٹوں کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرے ۔، اس صورتحال کا فوری طور پر حل نکالنا ضروری ہے تاکہ محصولات کے نقصان کو روکا جا سکے ۔