بلدیاتی الیکشن،جماعت اسلامی کا کل احتجاج کا اعلان
اسلام آباد کو صوبے کا درجہ دیکر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، نصراللہ رندھاوا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کیلئے نیشنل پریس کلب کے باہر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے، 14دسمبر کو تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا کر ان کا جرگہ کریں گے، 21دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کو جمع کرکے کنونشن کریں گے اور 28دسمبر کو ’’حق دو اسلام آباد کو‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہناتھا کہ 14فروری 2021کو بلدیاتی اداروں کی مدت پوری ہو گئی، الیکشن نہیں کرائے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہما ایوب، عامر نواز و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نصراللہ رندھاوا نے کہا اسلام آباد کو کیوں آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کیا گیا ہے، اسلام آبادکی اپنی اسمبلی، این ایف سی میں اسلام آباد کا حصہ ہونا چاہئے، اسلام آباد کو صوبے کا درجہ دے کر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔