71ء کی جنگ میں دشمن کو دھول چٹانے والے میجر شبیر شریف کا آج 54 واں یوم شہادت

لاہور: (دنیا نیوز) 71ء کی جنگ میں دشمن کو دھول چٹانے والے میجر شبیر شریف کا آج 54 واں یوم شہادت ہے۔

میجر شبیر شریف نے سبونہ بند پر قبضہ کرکے دشمن کے کئی ٹینکوں کو تباہ کیا اور درجنوں دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا ڈالا، حکومتِ پاکستان نے میجر شبیر شریف کو سب سے بڑے فوجی اعزاز’’ نشان حیدر‘‘ سے نوازا تھا۔

مرے خاک و خوں سے تو نے یہ جہاں کیا ہے پیدا
صلہ شہید کیا ہے۔۔۔ تب وتاب جاوِدانہ
میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943ء کو گجرات کے قصبے کنجاہ میں پیدا ہوئے، 1964ء میں 21 برس کی عمر میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، میجر شبیر شریف میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے بھانجے اور سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے۔

میجر شبیر شریف نے 65ء کی پاک بھارت جنگ میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ شرکت کی، دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا، جس پر انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا۔

71ء کی جنگ میں بھی یہی عزم اور حوصلہ کام آیا اور3دسمبر کو ہیڈ سلیمانکی کے قریب بھارتی علاقے فاضلکا میں میجر شبیر شریف کی کمان میں سکس ایف ایف پلٹن نے سبونہ بند پر قبضہ کرکے دشمن کے کئی ٹینکوں کو ناکارہ بنادیا اوردرجنوں دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا ڈالا تھا۔

اس طرح میجر شبیر شریف شہید کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا دیا، 6 دسمبر 1971ء کودشمن کے ایک بڑے حملے میں میجر شبیر شریف نے بڑی دلیری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

میجر شبیر شریف شہید کو پوری فوجی اعزاز کے ساتھ میانی صاحب قبرستان لاہور میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں