آپریشن غضب للحق میں 435 خوارج ہلاک، 630 زخمی ہو چکے: عطا تارڑ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے آپریشن غضب للحق کی تازہ ترین تفصیلات جاری کر دیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آپریشن غضب للحق کے دوران اب تک 435 خوارج ہلاک 630 زخمی ہوئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ طالبان رجیم کی 188 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دیں، 31 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا، کارروائی کے دوران دشمن کے 188 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں جبکہ افغانستان کے 51 مختلف مقامات پر مؤثر فضائی حملے کئے گئے۔

اس سے قبل سکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاک افواج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خوست میں فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کا اسلحہ ڈپو تباہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال جارحیت کے بعد فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کو ہر محاذ پر شدید دباؤ اور پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں