مری:شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس کی بندش، سیاحوں کو مشکلات
کاروباری حلقوںمیں تشویش، مری کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ
مری (نمائندہ دنیا) مری میں نافذ سمال لاک ڈاؤن کے باعث سیاحوں اور مقامی کاروباری حلقوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس پر سیاحوں اور کاروباری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ سابق انجمن تاجران مری راجہ طفیل اخلاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری آنے والے سیاح دن کے اوقات میں مختلف تفریحی مقامات کی سیر کرتے ہیں، رات کے وقت جب وہ مال روڈ پر کھانا کھانے اور خریداری کیلئے آتے ہیں تو مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس بند ہونے کے باعث انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سمال لاک ڈاؤن سے تاجر برادری بھی سخت متاثر ہو رہی ہے، شام کے وقت جب گاہک آنا شروع ہوتے ہیں تو انتظامیہ کی جانب سے دکانیں بند کروا دی جاتی ہیں جس سے تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ کاروباری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مری کی سیاحتی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے سمال لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔