راول ڈیم کو صاف رکھنے کیلئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا،وزیر داخلہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں راول ڈیم کے پانی کو نالوں کے گندے پانی سے بچانے کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ راول ڈیم میں گرنے والے نالوں پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔محسن نقوی نے اس موقع پر واضح کیا کہ اسلام آباد سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی دباؤ کے بغیر آپریشن کلین اپ اپنے منطقی نتائج کے حصول تک جاری رہے گا۔ پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک پر ترقیاتی کام 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ کیپیٹل پولیس کالج کی اپگریڈیشن پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت نئے کلاس رومز، میس اور زیر تربیت اہلکاروں کے لیے بیرکس تعمیر کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت کو مفصل بریفنگ دی گئی۔