تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل ،وزیر داخلہ نے افتتاح کیا
تھانے میں آنے والے ہر شہری کی درخواست پر کارروائی یقینی بنائی جائے ،محسن نقوی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں پولیس سٹیشنز کو جدید، عوام دوست اور شہریوں کے لیے باوقار مراکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات کے تحت تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افتتاح کردیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر واضح کیا کہ تھانے میں آنے والے ہر شہری کی درخواست پر کارروائی یقینی بنائی جائے اور ایف آئی آر کے اندراج میں کسی شہری کو بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ۔وفاقی وزیر نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایس ایچ او آفس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی)، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔محسن نقوی نے تھانے کے مختلف کانٹرز پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور سائلین کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے ۔ پولیس سٹیشن ایسا مقام ہونا چاہیے جہاں شکایت لے کر آنے والے شہری کو سہولت اور احترام ملے ، نہ کہ مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ہر درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments