ڈمپراور پولیس وین میں تصادم،افسرجاں بحق،اہلکار زخمی

ڈمپراور پولیس وین میں تصادم،افسرجاں بحق،اہلکار زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں پولیس افسرسمیت 3افرادجاں بحق جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب پولیس وین اور ڈمپر میں تصادم کے نتیجے میں وین میں سوار پولیس افسر جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا،پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے پولیس افسر کی شناخت سب انسپکٹر 50 سالہ محمد سفر ملاح ولد محمد عرس ملاح کے نام سے کی گئی ، متوفی پولیس افسر اور زخمی اہلکار ریپڈ رسپانس فورس کے بلدیہ ٹاؤن ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہیں ۔ سرکاری ڈیوٹی پر کچے کے علاقے کشمور سے ڈیوٹی انجام دے کر واپس کراچی آرہے تھے ۔گلشن اقبال نیپا سے موسمیات کی جانب جاتے ہوئے تیز رفتار گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور وہاں سوئے ہوئے 25 سالہ شخص کو کچل دیا،واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی اور ڈرائیور کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے سردخانے منتقل کر دی ۔شیرشاہ پنکھا ہوٹل کے قریب تیزرفتارگاڑی نے موٹرسائیکل سوارکوکچل دیا ،اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوٹیم موقع پر پہنچ گئی اور 40سالہ شخص کی لاش کو اپنی تحویل میں لیکر سول اسپتال پہنچایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں