اسٹریٹ کرائم ساری دنیا کا مسئلہ،امن وامان کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار نگراں حکومت،وزیر اطلاعات

اسٹریٹ کرائم ساری دنیا کا مسئلہ،امن وامان کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار نگراں حکومت،وزیر اطلاعات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ اور ایکسائز شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم صرف کراچی کا نہیں بلکہ دنیا کے تمام بڑے شہروں کا مسئلہ ہے۔۔

امن و امان کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار نگراں حکومت ہے جس کے دور میں صورتحال خراب ہوئی، موجودہ حکومت سندھ جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے ، قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا پوری طرح احساس ہے ، بہت سے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور 13 مغوی بھی بازیاب کرالئے گئے ۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گزشتہ15روز میں 6افراد کو ہنی ٹریپ کے چنگل سے بچایا گیا۔ کراچی میں اپریل کے دوران 11اسٹریٹ کرمنلز مارے گئے ۔60کرمنلز زخمی حالت میں گرفتار ہوئے ،گاڑی چوری میں ملوث 85ملزمان کراچی سے گرفتارہوئے ۔مہنگائی اور بے روزگاری بھی جرائم کی شرح میں اضافہ کا ایک اہم سبب ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قتل ڈکیتی کی وارداتوں میں بعض غیر قانونی مقیم تارکین وطن بھی ملوث پائے گئے ہیں جن کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے ۔ اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق افراد کے لئے معاوضے کی ادائیگی کے معاملے پر غور کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کسی لائحہ عمل یا الٹی میٹم کی ہمیں پروا نہیں ۔سنگین جرائم میں ملوث افراد کو ضمانت نہیں ملنی چاہیے ۔ فوج کی مدد کے بارے میں تو اس وقت سوچا جاسکتا ہے جب صورتحال قابو میں نہ آرہی ہو۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں