بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج،سڑکیں بلاک،ٹریفک جام

 بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج،سڑکیں بلاک،ٹریفک جام

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پرانی سبزی منڈی اور کورنگی میں بجلی کی عدم فراہمی پر شہریوں نے سڑکیں بلاک کرکے دھرنادے دیا،جس کے سبب بدترین ٹریفک جام ہوگیا ،سبزی منڈی پر 6 اور کورنگی میں ایک گھنٹے تک احتجاج جاری رہا۔۔

جسے مذاکرات کے بعد ختم کیا گیا۔احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، احتجاج کے باعث مذکورہ سڑکوں پرٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ،اور بد ترین ٹریفک جام ہوگیا،احتجاج کے دوران سڑک بند کیے جانے کی اطلاع پرعلاقہ پولیس موقع پرپہنچی اور مظاہرین سے بات چیت کی مگر مظاہرین نے سڑکوں سے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا،احتجاج کے نتیجے میں حسن اسکوائر ، جیل چورنگی اور اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ،احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اسکول وین میں سوار بچوں کو ٹریفک جام کی اذیت سے دوچارہونا پڑا،مشتعل افراد کاکہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ روز بھی پرانی سبزی منڈی پر بجلی کی بندش پر احتجاج کیا گیا تھا، مگرکوئی شنوائی نہیں ہوئی،علاقے میں 5 روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے ،کئی بار کے الیکٹرک حکام سے بجلی بحالی کی درخواست کی لیکن انہوں نے ٹال مٹول جاری رکھی،بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، تاہم پولیس مشتعل افراد کو6 گھنٹے سے زائد وقت جاری رہنے والے احتجاج کو مذاکرات کے بعد ختم کرانے میں کامیاب ہوگئی اور مشتعل افراد کو منشتر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کرادی ۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پرانی سبزی منڈی کے نادہندگان پر واجب الادا رقم 5 کروڑ 30 لاکھ روپے سے تجاوز کرچکی ہے ۔ علاقہ مکینوں کی یقین دہانی کے بعد علاقے کی بجلی بحال کردی گئی ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں