سرجانی میں بینکوئٹ کی گیس چوری پکڑی گئی،کنکشن منقطع

سرجانی میں بینکوئٹ کی گیس چوری پکڑی گئی،کنکشن منقطع

کراچی (دنیا ڈیسک)سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی )کے کاؤنٹر گیس تھیفٹ آپریشنز (سی جی ٹی او)اور کسٹمر ریلیشنز ڈپارٹمنٹ (سی آر ڈی) کی ٹیموں نے گیس چوروں کے خلاف چھاپوں کو تیز کر دیا ہے ۔

گزشتہ روز سی جی ٹی او کی ٹیم نے ایس ایس جی سی پولیس اور ریکوری ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر سرجانی ٹاؤن میں ’’ماشااللہ بینکوئٹ‘‘ پر چھاپہ مارا، جہاں ایک گیس چور کو کمپنی کی مین سروس لائن سے براہ راست گیس چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا جس کا کنکٹڈ لوڈ 200 کیوبک فٹ فی گھنٹہ ہے ۔ ٹیم نے موقع پر ہی گیس کا غیر قانونی کنکشن منقطع کردیا اور مجرم کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔علاوہ ازیں لیاقت آباد سی ون ایریا میں سی آر ڈی سروے ٹیم نے گیس کی چوری پکڑی جہاں کے رہائشی کمپنی کی ڈسٹری بیوشن لائن سے غیر قانونی طور پر گیس حاصل کررہے تھے ۔ اس چوری میں 64 مکانات ملوث پائے گئے اور ان کے گیس کنکشن موقع پر ہی منقطع کردیے گئے ۔ملیر کے جامعہ ملیہ میں ایک اور چھاپے میں سی آر ڈی ٹیم نے ربڑ کے پائپوں کے ذریعے گیس چوری میں ملوث 51 مکانات کا کھوج لگایا ۔ تمام غیر قانونی کنکشنز موقع پر ہی منقطع کر دیے گئے ۔ مذکورہ بالا دونوں واقعات میں گیس چوری 110,400 سینٹی میٹر سالانہ ہورہی تھی جس کی مالیت 34لاکھ 50ہزار روپے بنتی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں