بلدیاتی فنڈز کی عدم فراہمی،جے یوآئی کا تحریک چلانے کااعلان

 بلدیاتی فنڈز کی عدم فراہمی،جے یوآئی کا تحریک چلانے کااعلان

سکھر(بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام ضلع سکھر کے امیر مولانا محمد صالح انڈھڑ نے سکھر اضلاع کے 70سے زائد جے یو آئی کے بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات اور فنڈز نہ دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرحلہ وار تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔

 یہ اعلان انہوں نے گذشتہ روز صوبائی دفتر شہید اسلام سیکریٹریٹ میں منعقد جے یو آئی ضلع سکھر کے بلدیاتی نمائندگان، ضلع سکھر کی مجلس عاملہ، تعلقوں کے نظماء عمومی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس کی کارروائی ضلعی سیکریٹری جنرل حافظ عبدالحمید مہر نے چلائی، جبکہ اجلاس کے دیگر شرکاء میں مفتی شفیع محمد انڈھڑ، حافظ غلام محمد کندھر،قاری عبد الغفار سومرو سمیت دیگر عہدے دار اور مختلف علاقوں کے یوسیز چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلر ز شریک تھے ۔اجلاس میں تنظیمی امور سمیت دیگر معاملات زیر غور لائے گئے ۔اجلاس سے خطاب کے دوران مولانا محمد صالح انڈھڑ نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندگان کو جان بوجھ کر اختیارات و فنڈز نہیں دیئے جارہے ، تاکہ وہ عوام کی خدمت نہ کرپائیں ، لیکن ہم احمقوں کو بتا دینا چاہتے ہیں جمعیت علماء اسلام عوام کی طاقت سے ہر پلٹ فارم پر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنا جانتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد از جلد ہمارے بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات و فنڈز نہیں دیے گئے تو مجبوراً مرحلہ وار احتجاج کی کال دینگے ، پہلے مرحلے میں تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں احتجاج کی کال دی جائیگی جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہو گی ۔ جمعیت علماء اسلام عوام کے حقوق کیلئے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں