سندھ، پنجاب حکومتیں کسانوں کے مسائل حل کریں،خورشید شاہ

 سندھ، پنجاب حکومتیں کسانوں کے مسائل حل کریں،خورشید شاہ

سکھر(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ سی ای سی میں کرے گی ،میں کل اسلام آباد سے آیا ہوں مجھے مزید اس بارے میں علم نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلام محمد مہر میڈیکل کالج کے زیر اہتمام و پرنسپل فیلسٹی اینڈ اسٹوڈنٹس کے تعاون سے 13ویں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سالانہ اسپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب اور بعد ازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ وائس چانسلر ایس ایم بی بی یو لاڑکانہ پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ ،ڈپٹی کمشنر سکھر محمد بخش دھاریجو ،پرنسپل جی ایم سی الطاف شیخ سمیت دیگر موجود تھے ۔ خورشید احمد شاہ نے مزید کہا کہ فیض آباد دھرنے میں اگر سپریم کورٹ نے جنرل فیض حمید کو کلین چٹ دی ہے تو یقینا ً صحیح فیصلہ ہوگا اس بارے میں مزید بات نہیں کرنی چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جس قانون کو پارلیمنٹ بناتی ہے اس کو ختم کرنے یا اس میں ترمیم کرنے کا اختیار بھی پارلیمنٹ کے پاس ہے کسی اور ادارے کو نہیں ہے ، تاہم اس قانون پر آبرزویشن کی جاسکتی ہے جسے پھر دوبارہ پارلیمنٹ دیکھ سکتی ہے ۔ انہوں نے گندم اسکینڈل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تشویشناک امر اور کسانوں سے زیادتی ہے ، میری سندھ اور پنجاب حکومت سے اپیل ہے کہ وہ کسانوں کے مسائل کو دیکھیں ، ان سے گندم خریدیں اور اپنا اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے انکے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سول اسپتال کے فنانس ڈائریکٹر کو بے ضابطگیوں پر ہٹایا گیا تھا، وزیر اعلیٰ سندھ سے بات ہوئی ہے اس بار اچھا افسر تعینات ہوگا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں