سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو توہین عدالت کا نوٹس

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو توہین عدالت کا نوٹس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کے متاثرین کے 23 سو پلاٹس پر قبضے سے متعلق درخواست پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیئے ۔

 جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت کے احکامات کے باوجود سینئر ممبر بورڈ ریونیو پیش نہیں ہوئے ۔ یہ عدالتی حکم کی دانستہ خلاف ورزی ہے ، عدالت بورڈ آف ریونیو کے رویئے پر برہم ہوگئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ بورڈ آف ریونیو نے لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز اسکیم کے اندراج سے لاعلمی ظاہر کی تھی۔ سرکای وکیل نے موقف دیا کہ ایسی کوئی اسکیم کا کوئی اندراج ہمارے پاس نہیں ہے ۔ عدالت نے ممبر بورڈ آف ریونیو کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ممبر بورڈ آف ریونیو خود آکر زمین کی حیثیت کے بارے میں آگاہ کریں۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کے ایم سی نے انڈسٹری کیلئے 1993میں 23سو سے زائد پلاٹ کاٹیج انڈسٹریز کیلئے لانڈھی میں الاٹ کیے۔ 1993 سے درخواست گزاروں کو زمین کا قبضہ نہیں ملا۔ مذکورہ مقام پر بھینسوں کے باڑے بنا کر تجاوزات قائم کردیں۔ نمائندہ بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ یہ زمین کبھی کاٹیج انڈسٹریز کیلئے الاٹ نہیں کی گئی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ زمین مختلف لوگوں کو الاٹ کی گئی ہے ، اس زمین کے تنازع سے متعلق متعدد سول سوٹ دائر ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں