میٹرک امتحانات کا آج سے آغاز ، امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد پر پابندی

میٹرک  امتحانات  کا  آج  سے  آغاز  ،  امتحانی  مراکز  میں  غیر  متعلقہ  افراد  پر پابندی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نہم و دہم کے سالانہ امتحانی پرچے آج 7 مئی سے شروع ہوگئے ہیں۔ امتحان میں 3 لاکھ 65 ہزار 102 امیدوار شرکت کریں گے امتحانات دو شفٹوں میں لیے جائیں گے ۔۔

جاری کردہ امتحانی شیڈول کے مطابق صبح نہم جماعت کا کمپیوٹر اسٹیڈیز کا پرچہ جبکہ دوپہر میں جنرل گروپ دسویں جماعت کا جنرل سائنس کا پرچہ ہوگا امتحان کا دورانیہ دو گھنٹے ہے ۔ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے نہم و دہم کے رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد 3 لاکھ 65 ہزار 102 ہے جن کے لئے سرکاری اسکولوں میں 148 جبکہ نجی اسکولوں میں 357 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی جبکہ امتحانی مراکز میں موبائل فون لانے پر ضبط کیا جائے گا ۔کے الیکٹرک امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے ناظم امتحانات خالد احسان کی خصوصی اجازت کے بعد اسکولوں اور طلباء و طالبات کی آسانی کیلئے جمعہ 10 مئی کی سہ پہر 2:30 سے شام 5:00 بجے تک جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانی فارم، انرولمنٹ فارم، رجسٹریشن اور پرمیشن فارم جمع کرنے کا آخری موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں اور طلباء وطالبات سے کہا ہے کہ وہ اپنے امتحانی فارم لیٹ فیس 3500 روپے 10مئی کو بورڈ کے اکاؤنٹس سیکشن میں لازمی جمع کرادیں۔7 مئی سے 11مئی 2024ء تک رہ جانے والے پرچہ امتحانات کے اختتام کے بعد بورڈ کی جانب سے قائم جانے والے قریبی امتحانی مرکز پر لئے جائیں گے ۔واضح رہے کہ لیٹ فیس کی کٹوتی میں کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور دی گئی تاریخ ختم ہونے کے بعد کسی بھی قسم کا امتحانی فارم جمع نہیں کیا جائے گا۔مزید برآں نجی اسکولوں میں قائم امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن رفعیہ جاوید کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والے امتحانات کے دوران نجی سکولز میں قائم مراکز میں غیر ضروری افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ امتحانی سینٹرز میں قابل اساتذہ تعینات کیے جائیں تاکہ بچوں کو مشکلات پیش نہ ہوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں